لاہور کینٹ کچہری بخشی خانہ میں خاتون وکلاء نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ، پولیس نے دہشت گردی کی دفعات سمیت مقدمہ درج کر لیا ، واقعے کی موبائل وڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ 30 جنوری کی دوپہر کینٹ کچہری میں پیش آیا ، شمالی چھاؤنی پولیس نے نامزد خاتون وکیل سمیت دیگر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ، مقدمہ انچارج بخشی خانہ کینٹ سب انسپکٹر عارف مسعود کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ جس میں دہشت گردی، کارسرکار میں مداخلت، چوری، تشدد اور سنگین دھمکیوں کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔
مقدمہ میں خاتون وکیل فرزانہ بی بی کو نامزد جبکہ ایک خاتون وکیل سمیت 4 دیگر نامعلوم ملزمان کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزموں نے کینٹ کچہری کےبخشی خانہ میں داخل ہونےسے روکنے پر کانسٹیبل قاسم کو آہنی راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکی وردی بھی پھاڑ ڈالی ۔