بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کمار کی نئی فلم ’’اسکائی فورس‘‘ کی ریلیز پر سعودی عرب، یو اے ای سمیت مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں پابندی عائد کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈاک فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’’اسکائی فورس‘‘ بھارت کے پہلے فضائی حملے کی کہانی ہے جسے بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔
اکشے کمار کی فلم کی ریلیز پر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور عمان سمیت دیگر کئی ایشیائی ممالک نے پابندی عائد کردی ہے۔
اس پابندی کی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آئی تاہم انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کا موضوع، جو بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے گرد گھومتا ہے، اس کی پابندی کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ بالی ووڈ کی کسی فلم کو مواد کی حساسیت کے سبب مشرق وسطیٰ میں نمائش سے روکا گیا ہو۔
اسکائی فورس میں اکشے کمار کے ساتھ سارہ علی خان، نمرت کور، شرد کیلکر اور ویر پہاڑیہ نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ فلم کو بھارتی سنسر بورڈ نے بغیر کسی کٹ کے یو/اے 13+ سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔