اکشے کمار کے ساتھ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنیوالی بالی ووڈ اداکارہ تارک الدنیا ہوکر راہبہ بن گئی، ماضی کی معروف اداکارہ نے ایشوریا رائے اور سشمیتا سین کے ساتھ مقابلہ حسن میں بھی حصہ لیا تھا۔
بالی ووڈ میں بہت سے اداکار ایسے ہیں جنہوں نے شاندار سفر طے کیا اور بڑے ستارے بننے کی راہ پر تھے کہ کچھ رکاوٹوں نے ان کے سفر کو روک دیا۔ ایک ایسی اداکارہ جنہوں نے بالی ووڈ میں اچھا کام کیا لیکن آخر کار اپنا مقام برقرار رکھنے میں ناکام رہیں، انہوں نے اکشے کمار کے ساتھ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، ایشوریا رائے اور سشمیتا سین کو سخت مقابلہ دیا، لیکن جلد ہی انڈسٹری چھوڑ کر راہبہ بن گئیں۔
ماضی کی معروف اداکارہ برکھا مدان نے 1996ء میں فلم ’کھلاڑیوں کا کھلاڑی‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جس میں اکشے کمار اور ریکھا نے مرکزی کردار ادا کئے تھے، فلم میں انہوں نے جین کا کردار نبھایا تھا۔
انہوں نے 1994ء کے فیمینا مس انڈیا مقابلے میں ایشوریا رائے اور سشمیتا سین کے ساتھ حصہ لیا تھا جبکہ مس ٹورازم انڈیا کا ٹائٹل بھی جیتا تھا۔
رام گوپال ورما نے برکھا کو اپنی فلم ’بھوت‘ میں کاسٹ کیا، جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، یہ فلم بڑی ہٹ ثابت ہوئی اور برکھا کو ان کے کام کے بعد کافی شہرت ملی تھی۔
تاہم اس کے بعد ان کی کامیابی کی کہانی تھم گئی، بعد میں برکھا نے کچھ پنجابی فلموں میں کام کیا، لیکن وہاں بھی وہ خاص کامیابی حاصل نہ کرسکیں، پھر انہوں نے ’گولڈن گیٹ ایل ایل سی‘ کے نام سے ایک پروڈکشن اور ڈسٹریبیوشن کمپنی قائم کی تاکہ باصلاحیت آزاد فلم سازوں کو فروغ دیا جاسکے۔
فلموں کے بعد برکھا نے ٹیلی ویژن کا رخ کیا اور قریباً 20 شوز میں کام کیا لیکن یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہوئی، اس کے بعد انہوں نے شوبز کی دنیا چھوڑنے اور 2012ء میں بدھ مذہب کی ’’راہبہ‘‘ بننے کا فیصلہ کیا۔
برکھا مدان نے بدھ مت کو اپنایا اور دلائی لاما کی پیروکار بن گئیں، انہوں نے اپنا نام بدل کر ’وین گیالتن سامٹن‘ رکھ لیا اور 4 نومبر 2012ء کو راہبہ کے عہد کی رسم مکمل کی۔