جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی فلیگ شپ اسمارٹ فون سیریز گلیکسی ایس 25 لانچ کردی۔
کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں بدھ کے روز سام سنگ ان پیکڈ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں کمپنی نے گلیکسی ایس 25، ایس 25 پلس اور گلیکسی ایس 25 الٹرا متعارف کروائے۔
ٹیک ویب سائٹ زیڈ ڈی نیٹ کے مطابق نئی گلیکسی ایس 25 سیریز میں ہارڈویئر کی خاص تبدیلیاں دیکھنے میں نہیں آئیں، البتہ فون کے ڈیزائن، چپ سیٹ، سافٹ ویئر اور رنگوں میں تبدیلیاں نظر آئیں گی۔
سام سنگ نے اپنے آپریٹنگ سسٹم ون یو آئی 7 میں تازہ ترین مصنوعی ذہانت کی خصوصیات متعارف کروائی ہیں جس میں صارفین کے روزمرہ کے معاملات کو ان کے فونز کے ساتھ ہر ممکن حد تک ہموار بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
ان میں کچھ اہم نکات میں نیا ذاتی ڈیٹا انجن، ملٹی ایپ کمانڈز اور ایک ناؤ بریف فیچر شامل ہیں جو صارف کی ضروریات کا اندازہ لگاتے ہوئے ایک مکمل پیکج مہیا کرتے ہیں۔
پچھلے سال کی طرح سام سنگ نے تین نئے گلیکسی ایس ماڈلز متعارف کروائے، جن میں بیس ماڈلز کو ہلکے اور پتلے ڈیزائن جیسے کچھ بامعنی اپ گریڈ ملے۔
ایس 25 کے نئے رنگوں میں آئس بلیو، نیوی، منٹ، سلور شیڈو اور خصوصی آن لائن رنگوں میں بلیو بلیک، کلر ریڈ اور پنک گولڈ رنگ شامل ہیں۔
فونز کے مرکز میں گلیکسی کیلئے نیا لانچ کیا گیا کوال کوم اسنیپ ڈریگن 8 ایلائٹ پراسیسر موجود ہے۔
سام سنگ کے مطابق چپ سیٹ مسابقتی اینڈرائیڈ فونز پر پائے جانے والے ویریئنٹس سے مکمل طور پر مختلف ہوگا۔
سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ یہ چپ سیٹ گلیکسی ایس 24 الٹرا کے مقابلے این پی یو میں 40 فیصد، سی پی یو میں 37 فیصد اور جی پی یو میں 30 فیصد بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے۔
فون کے دیگر فیچرز ایس 24 سے ملتے جلتے ہی ہیں جیسا کہ اس کا 6.2 انچ اور 6.7 انچ ڈسپلے، 4,000 ایم اے ایچ اور 4,900 ایم اے ایچ بیٹریاں، 120 ہارٹز ایڈاپٹیو ریفریش ریٹ، 50 میگا پکسل مین کیمرہ لینز، ایک 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینز، ایک 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینز اور 12 میگا پکسل سیلفی کیمرہ شامل ہیں۔
کیمرہ ہارڈویئر میں کوئی تبدیلی نہ ہونے کے باوجود، سافٹ ویئر اپ گریڈ صارفین کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر کرے گا۔ مثال کے طور پر، 10 بٹ ایچ ڈی آر ریکارڈنگ اب ڈیفالٹ کے طور پر ان فونز میں لاگو ہوگی جس سے صارفین اپنی ویڈیوز میں بہتر تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرسکتے ہیں۔
فون میں ایک نیا گلیکسی ورچوئل اپرچر موجود ہے جو ایکسپرٹ آر اے ڈبلیو ایپ میں ضم ہوتا ہے اور صارفین کو بہتر گہرائی کا فیلڈ کنٹرول فراہم کرتا ہے جو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تصاویر ڈی ایس ایل آر سے لی گئی ہوں۔
گلیکسی ایس 25 اور ایس 25 پلس میں پرو اسکیلر کے ساتھ ایڈوانسڈ مصنوعی ذہانت امیج پروسیسنگ بھی دی گئی ہے، جو سام سنگ ٹی وی کی طرح ویڈیوز کی ریزولوشن کو ڈیجیٹل طور پر بڑھانے کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتا ہے۔ اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کیلئے فونز کو کیو ایچ ڈی پلس ریزولوشن پر سیٹ کرنے کی ضرورت ہوگی۔
ان دونوں فونز کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گلیکسی ایس 25 کی قیمت 799 ڈالر اور ایس 25 پلس کی قیمت 999 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
اس سال ایس 25 الٹرا میں کئی ڈیزائن اپ گریڈ دیئے گئے ہیں، گزشتہ سال کے برعکس اس کے باہری کناروں کو گول کردیا گیا ہے اور کیمرے کے گرد ڈیزائن میں تبدیلی بھی کی گئی ہے۔
ایس 25 الٹرا کا وزن 218 گرام ہے اور یہ 8.2 ملی میٹر پتلا ہے، جبکہ پرانے ایس 24 الٹرا کا وزن 232 گرام تھا اور وہ 8.6 ملی میٹر پتلا تھا۔
ایس 25 الٹرا کی اسکرین میں ایک نیا کارننگ گوریلا آرمر 2 دیا گیا ہے جو فونز کو گرنے کی صورت میں بہتر حفاظت فراہم کرتا ہے اور اسکریچز سے بچاتا ہے۔
گلیکسی ایس 25 الٹرا میں 6.9 انچ کا اے مولڈ ڈسپلے اور S24 الٹرا جیسی اینٹی ریفلیکشن کوٹنگ موجود ہے۔
ایک اور قابل ذکر ہارڈویئر اپ گریڈ اس کا 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ سینسر ہے، جو ایس 24 الٹرا کے 12 میگا پکسل سے بہتر ہونے والا ہے۔
الٹرا وائیڈ کے علاوہ ایس 25 کے باقی کیمرے ایس 24 الٹرا جیسے ہی ہیں جن میں 200 میگا پکسل مین لینز، 3 گنا آپٹیکل زوم کے ساتھ 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو، 5 گنا آپٹیکل زوم کے ساتھ 50 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 12 میگا پکسل سیلفی کیمرہ شامل ہیں۔
فون کی بیٹری میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور اس کا سائز 5000 ایم اے ایچ ہی ہے۔
ایس 25 الٹرا ٹائٹینیم سلور بلیو، ٹائٹینیم وائٹ سلور، ٹائٹینیم گرے اور ٹائٹینیم بلیک کے رنگوں کے ساتھ آتا ہے جبکہ اس کے آن لائن خصوصی رنگوں میں ٹائٹینیم پنک گولڈ، ٹائٹینیم جیڈ بلیک اور ٹائٹینیم جیڈ گرین شامل ہیں۔
ایس 25 الٹرا کے 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج ویرینٹ کی قیمت پچھلے سال کی طرح 1299 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
ایس 25 سیریز کا پورا لائن اپ مصنوعی ذہانت سے لیس ہے، سام سنگ نے اپنے فونز میں تقریباً ہر جگہ مصنوعی ذہانت شامل کی ہے، جن میں فوٹو ایڈٹنگ سے لے کر ذاتی نوعیت کی خصوصیات جیسے پرسنلائزڈ ایجنٹس اور ایل ایل ام شامل ہیں۔