پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے متعلقہ ضلع کی شرط ختم کردی گئی۔
پنجاب کابینہ نے موٹروہیکل آرڈینینس ایکٹ 1965 کے سیکشن 24میں ترمیم کی منظوری دیدی۔ گاڑی کی رجسٹریشن کیلئے متعلقہ ضلع کی شرط ختم ہوگئی۔
سیکشن 24 کےتحت موٹر مالکان اپنےضلع میں گاڑی رجسٹر کروانے کے پابند تھے، پنجاب کے رہائشی اب کسی بھی ضلع میں اپنی گاڑی رجسٹرڈ کروا سکیں گے۔
ترجمان ایکسائز کے مطابق پورے پنجاب میں ایک سیریز کے تحت رجسٹریشن نمبرالاٹ کیے جا رہے ہیں، گاڑیوں کی ایک سے دوسرے صوبے میں نقل وحرکت پر کوئی قدغن نہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے گاڑیوں کی کسی اور صوبے میں رجسٹریشن پر پابندی لگا دی۔
اسلام آباد میں گاڑی رجسٹرڈ کرانے کے بڑھتے ہوئے رجحان سے پنجاب حکومت کے خزانے کو اربوں کے نقصان کے باعث ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے گاڑیوں کی کسی اور صوبے میں رجسٹریشن پر پابندی لگا دی۔
ایکسائز حکام کے مطابق اسلام آباد میں ٹیکس کی شرح کم ہونے سےشہریوں کی بڑی تعداد وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کراتی تھی جس سے پنجاب کے خزانے کو نقصان ہورہا تھا جبکہ پابندی سے ٹوکن ٹیکس میں اضافہ ہوگا۔