حکومت کی جانب سے جلد ہی عوام کو بجلی کی قیمت میں کمی کی خوشخبری ملنے کا امکان ہے ۔
تفصیلات کے مطابق درآمدی فیول والے پاورپلانٹس نہ چلانے کا فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے اقدامات کا آغاز ہو گیاہے اور اس ضمن میں دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپیہ چار پیسے مزید سستی ہونے کا امکان ہے ۔ بجلی سستی کرنے کیلئے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے ۔
بجلی کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف صارفین کو فروری کے بلوں میں دیا جائے گا ۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نیپرا تیس جنوری کو سماعت کرے گی ۔ٹیرف میں ایک روپیہ چار پیسے فی یونٹ کمی سے ڈسکوز کے صارفین کو تین ارب نوے کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا ۔ نیپرا حتمی فیصلہ درخواست پر سماعت اور اعدادو شمار کے جائزے کے بعد کرے گی ۔