انرجی سیکٹر سے وابستہ چین کے سرمایہ کار گروپ نے پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز، ای وی چارجنگ اسٹیشنز اور انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکردی۔ سولر انرجی، اور سمال ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں بھی سرمایہ کاری کرنے عندیہ دیا۔
پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے وڈیولنک اجلاس میں پنجاب میں انرجی اور الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس کے صدرات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔
پنجاب کو سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا ،اب یہاں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے۔سازگار ماحول کے باعث چین اور دیگرغیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہاکہ سولر انرجی اور الیکٹرک وہیکلز کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔سولر پینلز اور لیتھیئم بیٹریوں کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ کے حوالے سے چین کی کمپنیوں سے معاہدے ہوچکے ہیں۔ پنجاب حکومت صنعتی یونٹس لگانے کے لئے ہرممکن سہولت اور زمین فراہم کرے گی۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے۔






















