اسلام آباد ہائیکورٹ میں چار نئے ججز کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی کی زیر صدارت ہو گا۔ایڈیشنل سیشن ججز اور سینیئر وکلا سمیت انیس ناموں پر غور کیا جائے گا۔
اعلی عدلیہ میں ججز کی خالی آسامیاں بھرنے کا آغاز آج سے ہوگا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چار نئے جج کون کون سے ہوں گے۔ 16 رکنی جوڈیشل کمیشن آج فیصلہ کرے گا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں کمیشن کا اجلاس دن دو بجے سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوگا۔
ججز کی تعیناتی سے متعلق نئے رولز کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن کو 20 نام بھجوائے گئے تھے جن میں 3 ڈسٹرکٹ سیشن ججز راجہ جواد عباس حسن، اعظم خان اور شاہ رخ ارجمند جبکہ ایک ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کا نام بھی شامل ہے۔ وکلا کی فہرست میں راجہ انعام امین منہاس، کاشف علی ملک، دانیال اعجاز، عادل عزیز قاضی اور دیگر شامل ہیں۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں چیف جسٹس کے علاوہ سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین اور سینئر جج جسٹس جمال مندوخیل شریک ہوں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔
وزیر اعظم کے نامزد وفاقی وزیر رانا تنویر، سینیٹ اور قومی اسمبلی سے حکومت اور اپوزیشن کا ایک ایک رکن جبکہ بار کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔