سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سے بنگلا دیشی مسلح افواج کے پرنسپل سٹاف آفیسر ( پی ایس او ) لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود بنگلا دیشی مسلح افواج کے پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ہے جس کے دوران مشترکہ تربیت سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران ایئرچیف کی جانب سے دونوں فضائی افواج کے درمیان فوجی شراکت داری کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں اور مقامی تکنیکی فریم ورک کو سراہا اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی تیاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ، پاکستان ایئر فورس اور بنگلہ دیشی دفاعی وفد کے درمیان ملاقات دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری، تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے پختہ عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کے روز لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے وفد کے ہمراہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کیں تھیں۔