قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو ہم اتنے فارغ نہیں کہ مزید انتظار کریں۔
بدھ کے روز سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کل حکومتی کمیٹی کو تحریری مطالبات پیش کردیں گے اور اگر کل جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مزید انتظار نہیں کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم عدالتی طریقہ کار کے تحت اسیران کی رہائی چاہتے ہیں، ہم اپنے مطالبات میں نہ ڈیل چاہتے ہیں اور نہ ہی ڈھیل چاہتے ہیں، کل جوڈیشل کمیشن بنائیں گے تو آگے مذاکرات چلیں گے اور کمیشن نہ بنا تو ہم اتنے فارغ نہیں کہ مزید انتظار کریں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تاخیر حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے میں کی، ہمارے مطالبات اور ٹی او آرز سیدھے سادے ہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، یا تین ایسے ججز کا کمیشن بنائیں جن پر دونوں جانب سے رضامندی ہو۔