اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے خواتین ججز کے لیے ہمیں الگ پالیسی میرٹ بنانا ہوگا اور جب بھی ووٹ کا اختیار ملا ورکنگ خواتین الاوئنس کے حق میں ووٹ دوں گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سیمینار سے خطاب میں جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا قومی سطح پر خواتین کی برابری کے لیے کوئی اصلاحات نہیں کی گئیں ، چھبیسویں آئینی ترمیم سے بننے والے جوڈیشل کمیشن میں صرف ایک خاتون ہے ، اگر اس سطح پر یہ حال ہے تو پھر عام آدمی کی کیا بات؟۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا اسلام آباد میں کوئی ایک خاتون پراسیکیوٹر تعینات نہیں ہوسکی ، ہمیں ورکنگ خواتین کو خصوصی الاوئنس دینا چاہیے اور ہمیں وہ عینک چاہیے جس سے یہ صنفی تفریق ختم ہوسکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ زچگی کی چھٹیاں مانگنے پر تو محکمانہ کارروائی شروع ہوجاتی ہے، پتہ نہیں خواتین کو دوران ڈیوٹی بچوں کی دیکھ بھال کی سہولت بھی ہے یا نہیں؟، خواتین ججز کے لیے ہمیں الگ پالیسی میرٹ بنانا ہوگا ، پرموشن اور تعیناتیاں کرتے وقت خواتین کا الگ کوٹہ ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ خواتین ججز کو ای کورٹ سسٹم میں بھی سہولت دیں گے اور جب بھی ووٹ کا اختیار ملا ورکنگ خواتین الاوئنس کے حق میں ووٹ دوں گا۔
جسٹس محسن اختر نے مزید کہا کہ عورت کے بغیر گھر چل ہی نہیں سکتا، ایک دن ماں ، بیوی ، بیٹی اور بہن کے بغیر رہ کر دیکھیں تو پتہ چلے، بطور پاکستانی ہم صنفی برابری کو سمجھ ہی نہیں سکے۔