الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے آئی ٹی سمیت دیگر جدید کورسز مکمل کرنے والے ہزاروں طلباء کیلئے ایکسپو سنٹر لاہور میں ’ بنو قابل پروگرام ‘ کے سیشن 2024 کی گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن تھے۔
کورس مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے، کورسز کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو مفت لیپ ٹاپ دئیے گئے جن کے باعث وہ اپنی عملی زندگی میں روزگار کے قابل ہوسکیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی کا 65 فیصد سے زائد حصہ 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، ملک میں قدرتی وسائل کی فراوانی ہے، ملکی آئین ہر بچے کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ کرتا ہے، لیکن زمینی حقائق مختلف ہیں، پونے تین کروڑ کے لگ بھگ بچے سکولوں سے محروم ہیں جنھیں تعلیم دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی سیکٹر میں بے روزگار نوجوانوں کیلئے بہت زیادہ مواقع ہیں الخدمت فاؤنڈیشن کے بنوقابل پروگرام کا آغاز 2022 میں کراچی سے ہوا جسے اب پورے پاکستان میں پھیلایاجا رہا ہے۔
انہوں نے کہ 50ہزار طلباء بنوقابل پروگرام کے ذریعے کورسز کے بعد عملی زندگی کا آغاز کر چکے ہیں وہ نہ صرف اپنا روزگار کما رہے ہیں بلکہ دیگر نوجوانوں کے روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، فری لانسنگ، ای کامرس،آئی ٹی سمیت 28 فری کورسز کروائے جارہے ہیں۔