سیالکوٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے قافلے میں شہری نے گاڑی کے سامنے جاکر احتجاج کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے شہری کو گرفتار کر کے تفتیش کرنے کے بعد چھوڑ دیا ہے۔
بدھ کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جی سی وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں تقریب میں شرکت کے لئے کچہری چوک پہنچیں تو ایک شہری نے ان کے قافلہ کی طرف دوڑ لگا کر ان کی گاڑی کے سامنے اختجاج کرنے کی کوشش کی مگر شہری کو قافلہ کی طرف دوڑ لگاتے دیکھ کر پولیس کی بھی دوڑیں لگ گئی۔
شہری وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنی درخواست پیش کرنا چاہتا تھا لیکن پولیس نے اسے پکڑ کر ایک طرف کردیا۔
شہری نے ہاتھ میں درخواست پکڑ رکھی تھی اور انصاف کے حصول کے لیے دہائیاں دیتا رہا۔
شہری کا کہنا تھا کہ پولیس اسکے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ، اسے انصاف دلوایا جائے۔
پولیس کے مطابق شہری کی شناخت آفتاب کے نام سے ہوئی جبکہ اس کا شناختی کارڈ رکھ کر اسے چھوڑ دیا گیا ہے۔
آفتاب کا اپنے رشتہ داروں کے ساتھ زمین کا تنازعہ بتایا گیا جس کے لئے وہ احتجاج ریکارڈ کرانے کی کوشش کر رہا تھا۔