پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ اگر جوڈیشل کمیشن بنانے میں کل پیشرفت نہ ہوئی پھر تو ڈیڈ لاک ہے۔
یاد رہے کہ مذاکرات کے حوالے سے اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کی میٹنگ کل ہوگی۔
میٹنگ سے ایک روز قبل ( آج ) سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا حامی ہوں اور ہم نے یہ ضرور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 31 جنوری کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے، کل دیکھیں گے کتنی نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ حکومت بیٹھتی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اگر جوڈیشل کمیشن بنانے میں کل پیشرفت نہ ہوئی پھر تو ڈیڈ لاک ہے اور پھر تو حکومت کی نیت سے صاف لگے گا کہ حکومت آگے بڑھنا ہی نہیں چاہتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کہ عجلت میں کمیشن تو نہیں بنتے؟ جس پر جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل حکومت اتنا تو کہہ سکتی ہے کہ کمیشن بنانا ہے، اس کا اصل جواب تو کمیٹی ارکان ہی دیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کل حکومت سے مذاکرات کا ماحول اچھا ہی ہوگا۔