قومی ٹیم کے سابق آلراؤنڈر عبدالرزاق نے اسٹرائیک فورس کیمپ کے حوالے سے اہم تفصیلات بتادیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے تحت سابق آلراؤنڈر عبدالرزاق کی سربراہی میں اسٹرائیک فورس کیمپ کا آغاز ہوگیا ہے اور 25 کھلاڑیوں کا کیمپ 90 روز تک جاری رہے گا۔
کیمپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عبدالرزاق نے بتایا کہ اس کیمپ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں کا رسپانس بہت اچھا ہے اور آج چار گھنٹے کا سیشن بہت مفید رہا جبکہ ایکسٹرا کور کے لیے بیٹ کی موومنٹ اور فٹ موومنٹ کیا ہونی چاہیے اور باڈی کا توازن کیا ہونا چاہیے یہ باتیں کھلاڑیوں کو بتائی گئی ہیں۔
سربراہ کیمپ کا کہنا تھا کہ سب سے اہم نکتہ جو بتایا گیا ہے وہ بازو کا مضبوط ہونا ہے اور اس کی ایکسرسائز کرائی جارہی ہیں اورہفتے بھر کی ٹریننگ کے بعد ان کھلاڑیوں کو میچز میں کھلایا جائے گا جس سے ہمیں پتہ چلے گا کہ ٹی ٹوئنٹی کے اچھے کھلاڑی کونسے ہیں۔
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ایک نارمل کیمپ ہوتا ہے لیکن یہ کیمپ مختلف ہے جس میں پاور ہٹنگ پر توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جن ایریاز میں باؤلرز کو وکٹیں ملتی ہیں اور بیٹرز وہاں کھیلنا پسند نہیں کرتے اور وکٹیں گنوادیتے ہیں ، ہم ان ایریاز پر بھی کام کررہے ہیں کہ بیٹرز وہاں بھی کامیاب ہوسکیں۔
عبدالرزاق کا مزید کہنا تھا کہ اس کیمپ میں یارکر گیند پر بھی کام کریں گے کہ بیٹر کس طرح اسے امپرووائز کرسکتا ہے۔