سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے اپیل کی ہے کہ قوم 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو عام معافی دلانے کے مشن میں میرا ساتھ دے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے حالیہ پیغام میں شیخ رشید احمد نے بتایا کہ وہ پیر سے اپنے مشن کا آغاز کرنے والے ہیں۔
ایکس پر جاری کئے گئے اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں ساری قوم ، اپنی ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کا مشکورہوں جن کی دعاؤں سے کم و بیش 40 روزہ چلے کے بعد مجھے رہائی نصیب ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ پی ٹی آئی کے اتحادی شیخ رشید احمد منظر عام پر آگئے
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم میں نے یہ چلہ کس جگہ پر کاٹا ہے لیکن مجھے اس کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے بتایا کہ اب ان کا مشن ان تمام لوگوں کو جو رپووش ہیں یا چھپے ہوئے ہیں جن سے 9 مئی کی غلطی سرزد ہوگئی یا جو بے گناہ جیلوں میں ہیں ان کو عام معافی دلانا ہے۔
میں ساری قوم کا، اپنی ماؤں بہنوں بیٹیوں کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں سے کم و بیش 40 روزہ چلے کے بعد مجھے رہائی نصیب ہوئی۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے یہ چلہ کس جگہ پر کاٹا ہے لیکن مجھے چلے کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی۔ اب میری زندگی کا مشن ان تمام لوگوں کو جو…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 22, 2023
سابق وفاقی وزیر نے اپیل کی کہ ساری قوم اس پر امن مشن میں میرے ٹوئٹر ( ایکس ) پر میرا ساتھ دے، میں نے کبھی بھی ٹوئٹر کی اپیل نہیں کی لیکن آج میں پہلی مرتبہ اپیل کر رہا ہوں کہ 9 مئی کی غلطی جن لوگوں سے سرزد ہوئی ہے ان کی عام معافی کی اپیل کے مشن پر میرا ساتھ دیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ پیر ( کل ) سے اس مشن کا آغاز کریں گے اور انہیں قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ شیخ رشید احمد کے انٹرویو پر علی محمد خان کا رد عمل سامنے آگیا
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ کامیابی ان کا مقدر بنے گی اور اللہ نہیں ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کی دعاؤں کے صدقے اس مشن میں ضرور سرخرو کرے گا۔
یاد رہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کافی عرصہ غائب رہنے کے بعد جمعہ کو اس وقت منظر عام پر آئے جب انہوں نے سماء ٹی وی کے اینکر اور سینئر صحافی منیب فاروق کو خصوصی انٹرویو دیا تھا۔