وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں کُرم میں قیام امن کیلئے اقدامات پر گفتگو کی۔
مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرداخلہ نے مولانا فضل الرحمان کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کہا مولانا فضل الرحمان کا پاکستان کی سیاست میں مثبت کردار قابل تعریف ہے۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا خصوصاً کُرم میں قیام امن کے لیے کیے گئے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ وزیرداخلہ اور مولانا فضل الرحمان نے امدادی اشیاء کے قافلوں کی پارا چنار آمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کُرم میں قیام امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ بعض عناصر نے جان بوجھ کر اس مسئلے کو غلط رنگ دیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے گرینڈ جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔