پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے اتحادی اور سربراہ سنی اتحاد کونسل ( ایس آئی سی ) صاحبزادہ حامد رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو حکومت سے پوچھے بغیر 3 سال کے لئے ملک سے باہر جانے کی پیشکش کی گئی تھی۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ خواہش کے باوجود حکومت بانی پی ٹی آئی کو بنی گالہ یا زمان پارک کی پیشکش نہیں کرسکی، حکومت چاہتی تھی وہ پیشکش کرے لیکن ان سے پوچھا بھی نہیں گیا، حکومت سے پوچھے بغیر کہیں اور سے پیشکش بھیجی گئی جبکہ الیکشن کے فوری بعد بانی پی ٹی آئی کو 3 سال ملک سے باہر جانے کا کہا گیا تھا اور اس پیشکش کا بھی حکومت کو علم نہیں تھا۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ دوسری میٹنگ میں حکومت سے پوچھا تھا آپ کے کیا مطالبات ہیں جس پر حکومت نے ہمیں کہا کہ ان کے کوئی مطالبات نہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہمیں 2 مطالبات لکھ کر دینے کا کہا ہے ، حکومت بھی لکھ کر دے کہ ان کے کوئی مطالبات نہیں ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی کہ لکھ کر کیا دینا ہے؟، کیا ہمارا استحقاق نہیں کہ حکومت بھی ہمیں لکھ کر دے، مطالبات لکھ کر دینے کی حکومتی ضد بچگانہ ہے ، ہماری طرف سے کوئی بچگانہ بات نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ تیسری میٹنگ میں جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو شاید چوتھی میٹنگ نہ ہوسکے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر اجلاس ہوتا ہے تو جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عدالتوں کے ذریعے ہی رہا ہوں گے اس کے لئے ایگزیکٹو آرڈر کی ضرورت نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سنگجانی جانے کی پیشکش کوئی آفر دینے پر ہی کی گئی ہوگی اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی یاری وزیراعظم سے نہیں کسی اور جگہ سے ہے، 26 نومبر کو محسن نقوی کے ذریعے بیرسٹر گوہر جیل گئے یا کہیں اور سے رابطہ ہوا یہ نہیں کہہ سکتا ، شیر افضل مروت نے جو بات کی وہ خود اس کی وضاحت کر سکتے ہیں۔
مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حکومتی مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی یا کسی رہنما کو کسی قسم کی ڈیل کی پیشکش نہیں کی اور نہ ہی بنی گالہ ، نتھیاگلی ، کے پی یا زمان پارک کی پیشکش کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن ہماری طرف سے کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو سنگجانی جانے کی پیشکش کی تھی جو انہوں نے قبول نہیں کی ، پی ٹی آئی والوں کا یوٹرن کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے اور ان کی کہی ہوئی بات الگ ہوتی ہے۔