وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد کے کاروباری سہولت مرکز کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو سرمایہ کاروں کو مختلف سہولیات کی آن لائن فراہمی کیلئے کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر میں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات بہم پہنچائیں گے۔ سینٹر کی تعمیر مکمل کر کےاسی ماہ فنکشنل کر دیا جائے ۔ وزیراعظم آئندہ ماہ کاروباری سہولت مرکز کا افتتاح کریں گے ۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ہر کاؤنٹر پر متعلقہ آفیسرز ہونے چاہئیں ۔ چار ماہ میں اس قدر شاندار اور معیاری سہولت مرکز کی تعمیر لائق تحسین ہے۔ جدید اور ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی تیز تر فراہمی ممکن بنا رہے ہیں ۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ مرکز میں مانیٹرنگ کے مؤثر نظام ، شکایتوں کے ازالے اور صارفین کی تجاویز کو اہمیت دی جائے ۔ تمام نظام کمپیوٹرائزڈ اور آن لائن ڈیٹا کی سہولت ہونی چاہیے ۔ منصوبے کی بروقت اور معیار کے مطابق تعمیر پر عبدالعلیم خان نے متعلقہ اداروں کو شاباش دی۔