پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی محمد خان نے عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے انٹرویو پر اپنے رد عمل کا اظہار کر دیا۔
یاد رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے جمعہ کو سماء ٹی وی کے اینکر اور سینئر صحافی منیب فاروق کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے 9 مئی کے واقعات سمیت دیگر اہم معاملات پر اہم انکشافات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ پی ٹی آئی کے اتحادی شیخ رشید احمد منظر عام پر آگئے
شیخ رشید کے انٹرویو پر پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شیخ رشید کی کئی باتوں سے سیاسی اختلاف ہے اور رہے گا لیکن آپس میں ہمیشہ ایک عزت کا محبت کا اور باہمی احترام کا تعلق رہا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں علی محمد خان کا کہنا تھا کہ البتہ یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ شیخ رشید پاکستانی سیاست میں غریب آدمی کی، تھڑے والے کی، ریڑھی بان کی، دیہاڑی دار اور رکشہ والے کی آواز ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ کابینہ میں ہمیشہ ان کو غریب اور مزدور کی اور مہنگائی کے خلاف بات کرتے ہوئے پایا، انہوں نے ہمیشہ ریاستی اداروں کی تکریم کی بات کی اور ختم نبوتؐ کے بھی پہرہ دار ہیں۔
شیخ رشید صاحب کی کئی باتوں سے سیاسی اختلاف ہے اور رہے گا لیکن آپس میں ہمیشہ ایک عزت کا محبت کا اور باہمی احترام کا تعلق رہا۔ جن حالات میں انٹرویو ہوا سب کے سامنے ہے۔
— Ali Muhammad Khan (@Ali_MuhammadPTI) October 21, 2023
البتہ یہ ضرور کہنا چاہونگا کہ شیخ رشید پاکستانی سیاست میں غریب آدمی کی تھڑے والے کی ریڑھی بان کی دیہاڑی دار اور…
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید بھی رہیں خوش رہیں اور عزت سے رہیں، پاکستانی سیاست کی کہانی فرزندِ راولپنڈی شیخ رشید صاحب کے بغیر نامکمل ہی رہے گی۔