موبائل براڈ بینڈ صارفین میں کتنے مرد اور کتنی خواتین ہیں؟، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اعداد و شمار جاری کردیئے، ملک کے 100 فیصد مرد موبائل براڈ بینڈ سے جڑگئے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل براڈ بینڈ صارفین میں مرد اور خواتین کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔ چار سال کے دوران براڈ بینڈ صارفین میں مردوں کی شرح میں 21 فیصد اضافے کے بعد 79 فیصد سے بڑھ کر 100 فیصد ہوگئی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ خواتین موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، شرح 21 سے بڑھ کر 33 فیصد ہوگئی۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے بتایا کہ 4 سال میں برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس میں مردوں کے اکاؤنٹ کی شرح میں 26 فیصد اضافہ ہوا، برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس میں مردوں کے اکاؤنٹس کی شرح 55 سے 81 فیصد تک پہنچ گئی، برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس میں خواتین کے اکاؤنٹس کی شرح میں ساڑھے 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ فیس بک صارفین میں صنفی فرق 68 فیصد، مردوں کی تعداد 77 اور خواتین کا حصہ 24 فیصد ہے جبکہ یوٹیوب صارفین میں صنفی فرق 59 فیصد، ٹک ٹاک 71، انسٹا گرام میں صنفی فرق 41 فیصد ہے۔