خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں تھانہ گومل پر نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے حملہ ہوا ہے۔
حکام کے مطابق پولیس اسٹیشن تھانہ گومل پر نامعلوم شرپسند عناصر نے چاروں اطراف سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کرکے تھانہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، پولیس کی جانب سے بروقت جواب سے شرپسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ گومل اصغر خان وزیر گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے، جس کو علاج کیلئے سول اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔
وقوع کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ٹانک افتخار علی شاہ نے فوری طور پر ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا اور شرپسندوں گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔