پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پہلے لاڈلا عمران خان تھا اور اب نواز شریف ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے لاڈلا عمران تھا اور اب نوازشریف لاڈلا ہے، کندھا وہی ہے بس لاڈلہ تبدیل ہورہا ہے، یہ سلسلہ کب تک چلے گا۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب آئے گا سب ٹھیک ہوگا لیکن 16 ماہ کچھ نہیں کیا، ساہیوال کول پاورپراجیکٹ نواز حکومت کی ناکامی کو کوئی نہیں بھولا۔
انہوں نے کہا کہ ججز نے نوازشریف کوعجلت میں ریلیف دیا ہے، جس طرح ملک سے گئے تھے اسی انداز میں واپس آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو ن لیگ کی ڈیل اور ڈھیل سے کوئی خطرہ نہیں، پیپلز پارٹی 30 نومبر کو مینارپاکستان جلسہ کرکے یوم تاسیس منائے گی۔