پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ چیمئپنز ٹرافی 2025 کے لئے بھارت اگر پاکستان آکر کھیلتا تو اچھی مہمان نوازی کرتے۔
یوم قائد کے موقع پر فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر حاضری کا موقع ملنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی سیریز جیتنے پر خوشی ہے جبکہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی جانب سے کوشش کرنے پر ملی اور میرے لئے گرین جرسی پہننا اعزاز ہے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ 2024 پاکستان کرکٹ کے لئے اچھا سال رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے فخر ہوتا ہے اور میں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے کھیلا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہماری تیاریاں اچھی ہیں، بھارت جہاں بھی کھیلے گا مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔