صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز نے قانونی امور پر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنےکا فیصلہ کرلیا۔
پیر کے روز ایوان صدر میں صدر مملکت آصف زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم ملاقات کی جس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں گورنر خيبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ، راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے بعد ایوان صدر کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم کی جانب سے صدر مملکت کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی ، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور دونوں رہنماؤں نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی اور دونوں رہنماؤں نے قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔
صدر مملکت نے وزیرِ اعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ملاقات کے دوران مدارس بل ، کرم کے مسئلے اور حکومت سے پیپلز پارٹی کے تحفظات پر بھی بات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مدارس رجسٹریشن بل کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل ، کرم میں سیکیورٹی صورتحال پر فیصلہ سازی اور متاثرین کی مدد اور علاقے سے منتقلی کا کام تیز کرنے پر غور کیا گیا۔