وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملٹی نیشنل کمپنی سی سی آئی کے سی ای او کریم یاہی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ کی آبادی کے پاکستان میں کاروبار کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بزنس کی زیادہ سے زیادہ سہولیات دے رہے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترکیہ سے کاروباری ادارے دل کے قریب ہیں ۔ خصوصی تعاون یقینی بنائیں گے ۔ ضروری ہے کہ پاکستان میں کاروبار کرنے اور سرمایہ لگانے والوں کو پرکشش منافع ملنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل، ان کے کاروباری رحجان کو سامنے رکھنا ہو گا ۔ مثبت اقدامات سے افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی انتہائی خوش آئند ، بزنس بڑھے گا۔
سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کریم یاہی نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ کے بزنس فرینڈلی اقدامات اور سہولیات کو سراہتے ہیں ۔ کریم یاہی نے پاکستان اور شہریوں کیلئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔