وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے موٹرویز سمیت تمام شاہراہوں پر ڈبل ون ڈبل ٹو طرز پر ایمبولینس سروس فوری شروع کرنے کی ہدایت کر دی ۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے ملک کی تمام شاہراہوں کو محفوظ بنانے کےلیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو سیفٹی اینڈ سیکیورٹی پلان ایک ہفتے میں تیار کرنے کا حکم دیدیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹر ویز سمیت تمام شاہراہوں پر حادثات کی صورت میں ریسکیو کیلئے ہیلی کاپٹر سروس اور فوری ریلیف ملنا چاہیے۔ شہریوں کی جانیں بچانا اولین ترجیح ہے۔ 1122 کی طرز پر ایمبولینس سروس فوری فراہم کریں۔کراچی سےپشاور تک اور بلوچستان میں ایمرجنسی سروسز سینٹرز کی نشاندہی کی جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا موٹر ویز اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے تمام افراد کی جانیں ہمیں انتہائی عزیز ہیں۔ حادثات کا سبب بننے والی تمام گاڑیوں کے خلاف اقدامات کئے جائیں ۔ سفر کو مزید محفوظ بنانے کیلئے پٹرولنگ سے محروم علاقوں میں موٹروے پولیس گشت کا فوری آغاز کرے۔
عبدالعلیم خان نے کہا مروجہ وزن سے زیادہ لوڈ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کریں۔ کسی کےساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔لاہور سیالکوٹ موٹروے کی طرز پر تمام شاہراہیں بیریئر فری کی جائیں ۔
اجلاس میں تمام شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کی پابندی یقینی بنانے اور جرمانوں میں ایک ہزار فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ۔ حیدرآباد ، سکھرموٹروے کی تعمیر پر مختلف آپشنز کے حوالے سے بھی غوروخوض کیا گیا۔ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کی تعمیر کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔