وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر چیئرمین وزیراعلی ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا جس دوران انہوں نے قیدی عورتوں اور بچوں کی وراڈز کا جائزہ بھی لیا ۔
تفصیلات کے مطابق رانا منان خان نے قیدیوں سے جیل میں پولیس کے رویے، کھانے پینے کی سہولیات ، رشتہ داروں سے ملاقات ،صحت کی سہولیات سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے دریافت کیا۔
چیئرمین وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات نے جیل ہسپتال، کچن اسیران، فیکٹری ، اور مختلف بیرکوں کا دورہ بھی کیا اور قیدیوں کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا۔ رانا منان خان نے پولیس اہلکاروں سے انکے مسائل بھی دریافت کیئے ۔
چیئرمین ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات پنجاب رانا منان خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی مختلف جیلوں کا دورہ کر رہا ہوں، جیلوں میں جرم سے نفرت کا ماحول پروان چڑھانے کے لیے اصلاحات لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر کام کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے 8 گھنٹے ڈیوٹی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ماہر نفسیات قیدیوں کی مثبت ذہن سازی کے لیے کام کر رہے ہیں، ڈے کیئر سنٹر مکمل طور پر فعال ہیں، انسداد منشیات اقدامات یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔