پاکستان نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک ، صفر کی برتری حاصل کرلی۔
قومی ٹیم نے 240 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر کے میزبان ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دی، نوجوان اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
صائم ایوب 109 اور نائب کپتان سلمان علی آغا ناقابل شکست 82 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔
پاکستانی اننگ
پاکستان کی جانب سے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے عبداللہ شفیق آتے ہی محض 2 رنز کے مجموعے پر بغیر کوئی سکور بنائے جانسن کی گیند پر آوٹ ہو گئے ۔
ان کے بعد سابق کپتان بابراعظم نے وکٹ پر قدم جمانے کی بھر پور کوشش کی اور 38 گیندوں پر 23 رنز بنا کر 46 کے مجموعے پر بارٹمین کی گیند پر جانسن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔
بابراعظم کے بعد کپتان محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ وہ بھی ناکام رہے اور صرف ایک سکور بنا کر بارٹمین کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔
کامران غلام بھی خاص کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور 4 رنز پر رن آوٹ ہو گئے ۔
جنوبی افریقہ کی اننگ
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے جس میں ہینرک کلاسن نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی اننگ کھیلی ۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر ٹونی ڈی زورزی اور ریان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آئے ٹونی پاکستان کے سپنر آغا سلمان کی آف سپن کو سمجھنے سے قاصر رہے اور 70 رنز کے مجموعے پر 33 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو کر پولین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 73 رنز پر آغا سلمان نے بولڈ کرتے ہوئے گرائی، ریان 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ ان کے بعد تیسری وکٹ 86 رنز کے مجموعے پر راسی وان ڈیر ڈوسن کی گری جو کہ سلمان آغا کی گیند پر 8 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ۔
آغا سلمان قہر بن کر جنوبی افریقہ کے بلے بازوں پر برسے اور 88 رنز پر چوتھی وکٹ ٹرسٹن سٹبز کی گرائی جو کہ صرف ایک سکور بنانے میں ہی کامیاب ہوئے ۔
جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 161 رنز کے مجموعے پر اس وقت گری جب ایڈن مرکرام نے صائم ایوب کی گیند کو پیچھے ہٹ کر چھکا لگانے کی کوشش کی لیکن گیند کی زیادہ اونچی گئی اور کامران غلام نے اندازہ لگاتے ہوئے کامیاب کیچ کیا اور انہیں 35 رنز پر پولین پہنچا دیا ۔
پاکستان کی جانب سے آغا سلمان نے 4، ابرار احمد نے 2 جبکہ شاہین اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔