پاکستان کرکٹ ٹیم کےریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیاہے اور مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیاہے ۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کو کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا تھا جس پر جیسن گلیسپی کافی ناراض دکھائی دیئے تاہم اب انہوں نے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیاہے ۔
جیسن گلیسپی نے ذاتی وجوہات کو جنوبی افریقہ نہ جانے کی وجہ قرار دیا ہے ۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز 26 دسمبر سے شروع ہو گی جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہو گئی ہے ۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ٹم نیلسن جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے ٹورز کیلئے دستیاب تھے جبکہ جیسن گلیسپی نے ٹم نیلسن کے کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی تعریف کی۔
جیسن گلیسپی پی سی بی کی جانب سے اسسٹنٹ کوچ کے حوالے سے اطلاع نہ دینے پر ناراض ہیں، پی سی بی نے غیر ملکی کوچز کی بجائے مقامی کوچز کو ترجیح دینے کا عندیہ دیا ہے، جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ انہوں نے معاہدے کے تمام تقاضے پورے کیے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کا کہناہے کہ پی سی بی نے جیسن گلیسپی کو وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کی تھی، مگر مالی شرائط پر اختلاف ہوئے، جیسن گلیسپی کا معاہدہ 2026 تک برقرار ہے، ان کے استعفیٰ دینے کی صورت میں ادائیگی کم ہوگی۔