بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیڈین مشتاق خان کو بھی اغوا کیے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈین مشتاق خان کے بزنس پارٹنر نے شیوم نے انکشاف کیا ہے کہ کامیڈین کو مبینہ طور پر فلائٹ ٹکٹ کے ساتھ ایک تقریب کے لیے مدعو کیا گیا تھا اور ان کے اکاؤنٹ میں پیشگی ادائیگی بھیجی گئی تھی۔
بزنس پارٹنر نے بتایا کہ جب اداکار دہلی ائیرپورٹ پر پہنچے تو انہیں ایک کار میں بیٹھنے کو کہا گیا جو انہیں دہلی کے مضافات میں لے گئی اور وہاں اغوا کاروں نے انہیں تقریباً 12 گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا۔
بزنس پارٹنر نے بتایا کہ اغواکاروں نے مشتاق خان سے تاوان کے طور پر ایک کروڑ کا مطالبہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلآخر اغواکار مشتاق اور ان کے بیٹے کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے سے زائد رقم نکالنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مشتاق خان کی جانب سے اپنے اغوا سے متعلق پولیس کو شکایت درج کرائی گئی ہے اور پولیس ملزمان کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ مشتاق خان بالی ووڈ فلم ’ ویلکم ‘ سمیت دیگر فلموں میں اپنے دلچسپ کرداروں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں کامیڈین سنیل پال کو بھی اسی طرح کی آزمائش کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ایک نجی تقریب کے لیے ہریدوار جا رہے تھے کہ اغوا ہو گئے اور اغوا کاروں نے انہیں یرغمال بنا کر 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، تاہم، بات چیت کے بعد سنیل تقریباً 8 لاکھ روپے ادا کر کے اپنی رہائی کو یقینی بنانے میں کامیاب ہو گئے۔