مراکش میں ہونے والے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2024 میں فلسطینی ہدایتکار سکندر کوپتی کی فلم ’ہیپی ہالیڈیز‘ کو اعلیٰ ایوارڈ ’ایٹویل ڈی اور‘ سے نوازا گیا، فلم کا سکرین پلے ستمبر میں وینس فلم فیسٹیول میں بھی انعام جیت چکا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ سٹوری اسرائیلی شہر حیفہ میں رہنے والے فلسطینی خاندان پر بنائی گئی ہے جو سماجی تنازعات اور اخلاقی پیچیدگیوں جیسے موضوعات کو اجاگر کرتی ہے۔
فلم ’ہیپی ہالیڈیز‘ میں پیشہ ور اور غیر پیشہ ور اداکار شامل ہیں جسے فیسٹیول میں کافی پذیرائی ملی اور فلم کو حقیقی تصویر کشی کے لیے سراہا گیا ہے۔
یہ پہلی فلسطینی فلم ہے جس نے مراکش کا یہ ایوارڈ جیتا ہے،ناقدین نے فلم کے دلکش بیانیے اور جدید تناظر میں شناخت، برادری اور جبر جیسے موضوعات کی عکاسی کو بہت پسند کیا ہے۔
سکرین رائٹر مونا کوپتی نے تقریب میں ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا ’ ایوارڈ جیتنے پر ہماری ٹیم کی خوشی مشرق وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے ماند پڑ گئی ہے اور مونا نے فلسطینیوں کے ساتھ غیر انسانی رویے کی مذمت کی۔