آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 3 دن میں ختم ہوگیا اور کینگروز نے 19 رنز کا ہدف باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کر کے 10 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔
پہلی اننگ
دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگ میں پوری ٹیم 180 رنز ڈھیر ہوگئی تھی، نتین کمار ریڈی 42 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ کینگرور کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگ میں 337 رنز بنا کر بھارت پر 157 رنز کی برتری حاصل کی۔
دوسری اننگ
دوسری اننگ میں بھی بھارتی بیٹرز مشکلات کا شکار رہے اور پوری ٹیم 175 رنز پر پویلین لوٹ گئی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو محض 19 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگ میں نیتھن میک سوئینی نے 10 اور عثمان خواجہ نے 9 رنز بنا کر مطلوبہ ہدف مکمل کرلیا۔
آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے کامیابی سمیٹی تھی۔