خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مخلتف مقامات پر آپریشنز میں امن دشمنوں کے سرغنہ خان محمد عرف کھوری سمیت 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران کامیاب کارروائی میں خوارج کے سرغنہ خان محمد عرف کھوری سمیت 2 خوارجی مارے گئے۔
سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 2 خوارج کو گرفتار بھی کرلیا۔
آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والا خارجی خان محمد ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری سمیت متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا جبکہ حکومت نے خان محمد عرف کھوری کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن لکی مروت میں ہوا جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں مزید خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو مکمل ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔