پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس ) نے ایک اور ریکارڈ بنا دیا، ہنڈریڈ انڈیکس 545 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 5 ہزار 105 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ کی دھواں دھار اننگز جاری ہے اور کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی مارکیٹ ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئی جبکہ کاروبار کے آغاز سے ہی ہنڈریڈ انڈیکس میں تیزی رہی۔
بدھ کے روز مارکیٹ نے 900 سے زائد پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ایک لاکھ 5 ہزار 474 پوائنٹس کی تاریخی سطح کو بھی چھوا۔
سابق ڈائریکٹر اسٹاک ایکسچینج امین یوسف کہتے ہیں لوگ بڑی تعداد میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں کریکشن بھی آئی تو زیادہ گراوٹ دیکھنے کو نہیں ملے گی۔
آج کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 545 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 5 ہزار 105پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں 50 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے پونے 2 ارب شیئرز کی ریکارڈ تجارت ہوئی۔