کیڈٹ کالج کوہاٹ میں 59 ویں یوم والدین کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں کیڈٹس کے والدین سمیت عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اپنی تمام تر توانائی اعلی تعلیم کے حصول پر مرکوز کریں۔
مہمان خصوصی نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ کیڈٹ احمد علی نصابی سرگرمیوں اور کیڈٹ رئیس سپورٹس کے بہترین کیڈٹس قرار پائے۔ تقریب کے دوران جمناسٹک، ٹینٹ پیگینگ اور دیگر سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے سائنسی، فنی اور تصویری کلبز کا دورہ کیا اور کیڈٹس کی فنی، فکری و تکنیکی صلاحیتوں کو سراہا۔
یاد رہے کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ کا قیام 1964 میں عمل میں آیا اور یہ ادارہ اپنے تعلیمی معیار کے لیے ملک میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ کیڈٹ کالج کوہاٹ سے فارغ التحصیل طلباء نے ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔