چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ کے ہیڈ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی سے ملاقات کی جس دوران چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اہم ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کیلئے مزید اقدامات پر گفتگو کی گئی ، محسن نقوی نے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
محسن نقوی کا کہناتھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے ، پاکستان پر امن ملک ہےاور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے، سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں، تمام ممالک کو سٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول اور سکیورٹی دی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہناتھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں ، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے ۔
متحدہ عرب امارات بورڈ کے ہیڈ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے ساتھ ملاقات میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد اور ایڈوائزر سلمان نصیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔