پنجاب پولیس نے سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا تین دنوں میں دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب خیبر پختونخوا بارڈر پر ڈی جی خان تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پرحملہ آورخوارجی دہشت گرد ایک بار پھر پسپا کردیئے گئے۔
ترجمان کے مطابق 20 سے 25 دہشت گرد جدید اور بھاری اسلحہ سے شدید فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آورہوئے۔ پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی کی فوری کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔
بھرپور جوابی کارروائی سے خوارجی دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔ چوکی پر تعینات جوانوں نے جدید تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی آمد کی فی الفور نشاندہی کی۔
ڈی پی او سید علی کی زیرقیادت ایلیٹ اور کیو آر ایف ٹیموں فوری رسپانس کرتے ہوئے موقع پر پہنچیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور خوارجی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنیوالے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ علاقہ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔





















