پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) سے اپنا موقف واضح کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کر کے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے معاملے پر اپنا موقف واضح کر دیا ہے اور بال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کورٹ میں پھینک دی ہے۔
بورڈ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا قابل قبول فارمولا بورڈ میٹنگ سے پہلے فراہم کیا جائے ، ہائبرڈ کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ قابل قبول نہیں ہے۔
اگر نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کا فارمولا بنایا گیا تو پھر یہ فیصلہ بھی ہو گا کہ اگلے ایونٹس میں پاکستان بھارت میں جا کر نہیں کھیلے گا، آئی سی سی یہ بورڈ میٹنگ سے قبل طے کرے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پی سی بی کو اپنا موقف واضح کرنے کے بعد آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی کے مطابق رواں ہفتے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کا فیصلہ ہو جائے گا۔
عالمی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رواں ہفتے جمعے کو آئی سی سی اجلاس میں اس حوالے سے بات کی جائے گی تاہم ترجمان نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔