پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ کی جگہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے نیا فارمولا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو پیش کر دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل کی جگہ ایک نیا فارمولا پیش کر دیاہے جس پر غور جاری ہے ، چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ حل کرنے کیلئے برابری کی بنیاد پر فارمولا طے کرنا ہو گا۔
ذرائع پی سی بی کا کہناتھا کہ پاکستان کو پیسے نہیں بلکہ اپنی عزت اور وقار عزیز ہے، معاملہ حل کرنے کے لیے برابری کی بنیاد پر نیا فارمولہ طے کرنا ہو گا، پاکستان چاہتا ہے نیا فارمولا کم از کم تین سال کے لیے طے کیا جائے، نیا فارمولا صرف چمپیئنز ٹرافی کی حد تک لاگو نہیں ہو گا، فارمولہ اگلے تین برس تک آئی سی سی کے تمام ایونتس کے لیے ہو گا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان نے شرائط عائد کی ہیں کہ اگر بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے تو پاکستان آئی سی سی ٹورنامنٹ میں بھارت نہیں جائے گا بلکہ پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل مقامات پر ہوں گے ۔
اس سے قبل محسن نقوی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ فیصلے کریں گے جو کرکٹ کے لیے بہترین ہوں ، سب سے اہم پاکستان کی عزت ہے ، اب بات لانگ ٹرم بنیادوں پر ہوگی صرف چیمپیئنزٹرافی کےلیے نہیں ۔
محسن نقوی کا کہناتھا کہ ہائبرڈ فارمولانہیں جو بھی نیا فارمولا بنے گا، فیصلہ برابری کی بنیاد پرہوگا، ہم نے کرکٹ کو جتوانا ہے ، سب سے اہم پاکستان کی عزت ہے ، یہ نہیں ہوسکتا کہ یکطرفہ معاملات چلتے رہیں ، یہ ممکن نہیں کہ ہم بھارت جائیں ،مگر وہ پاکستان نہ آئیں ، اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے حل کرنا ہے ، اب بات لانگ ٹرم بنیادوں پر ہوگی صرف چیمپیئنزٹرافی کےلیے نہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنی توجہ پاکستان ٹیم کے اوپر دینی ہے اتنی انڈر19 پر بھی دینی ہے، مستقبل میں ہم پلان بنا رہے ہیں کیسے نوجوانوں کو بہتر موقع دینا اور کیسے انکو گرووم کرنا ہے۔