آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں ، جبکہ فوج اور رینجرز سکیورٹی کے فرائص سرانجام دے گی ۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں سندھ میں انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے کہا عام انتخابات کا آزادانہ ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انعقاد بہتر جمہوریت کا ضامن ثابت ہو گا ، انتخابات کے عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا انتخابات میں فوج اور رینجرز کی مدد لی جائے گی ، سندھ میں میں چار ہزار چار سو تیس پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ، آٹھ ہزار اسی حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔
چیف سیکریٹری سندھ نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر سو فیصد عمل درآمد اور پولنگ اسٹیشنز پر تمام تر سہولیات کی دستیابی کی یقین دہانی کرائی ۔
آئی جی سندھ نےبتایاکہ عام انتخابات میں ایک لاکھ دس ہزار تین سو چونتیس پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ، کوئیک رسپانس فورس بھی کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں الرٹ ہو گی ۔