وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے بیلا روس کے وزیر ٹرانسپورٹ الیگزسی لیخنو وچ نے ملاقات کی جس کے دوران دونوں وزراء نے بالخصوص مواصلات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران الیگزسی لیخنو وچ کی جانب سے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو بیلا روس کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے ماسکو ڈائریکٹ فلائٹ پر کام جاری ہے جبکہ بیلا روس کو بھی شامل کر سکتے ہیں، آذربائیجان اور ترکی کی طرح بیلا روس کو بھی سرمایہ کاری میں شراکت دار بنانا چاہتے ہیں اور شاہراہ قراقرم اور سی پیک کی طرز پر سینٹرل ایشیا تک تجارتی کوریڈور کے خواہاں ہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بیلا روس کے صدر و وزراء پر مشتمل 68 رکنی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، مستقبل میں بیلا روس سے جی ٹو جی اور بی ٹو بی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں گرین انرجی اور ماحول دوست اقدامات کرنے ہوں گے۔
اس موقع پر بیلا روس کے وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے پاکستان کے ذرائع مواصلات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ریلوے اور سڑک کے ذریعے روابط بڑھانا چاہتے ہیں۔
بیلا روس کے وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔