بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا ہے اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف کا وزارت خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا جبکہ دونوں وزراء خارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے آج سے شروع ہونے والے تین روزہ سرکاری دورے کے ایجنڈے کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
پاکستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ دوروں اور اعلیٰ سطح کے روابط میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ صدر لوکاشینکو کا دورہ پاکستان تعلقات کو نئی جہت دے گا۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کے حالات بالخصوص غزہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور انہوں نے تنازعات کے پرامن حل اور انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں عالمی اور علاقائی تنظیموں میں مشترکہ مفادات کے حصول اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔