پشاور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت میں 3 دسمبر تک توسیع کردی۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلبی اور حفاظتی ضمانت کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی عدالت حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 3 دسمبر تک حفاظتی ضمانت میں توسیع کر دی۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اس میں استثنیٰ کی درخواست دی ہے وہ بیمار ہیں، بشرٰی بی بی کو سیریس ہیلتھ ایشو ہے اس وجہ سے عدالت نہیں آسکی۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر درخواست گزار پیش ہوں، پھر استثنیٰ درخواست منظور نہیں کریں گے، حکومت نے جواب جمع کرایا ہے جس کے مطابق بشریٰ بی بی پر نیب کا ایک توشہ خانہ ٹو کیس ہے۔