کراچی کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی کے باعث قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا نہایت قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ تمام کھلاڑی میچ میں مصروف تھیں ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ہوٹل کی دوسری منزل پر آتشزدگی کے باعث قومی ویمن ون ڈے کپ کو فوری ملتوی کر دیا گیاہے ، جبکہ کچھ کھلاڑی نجی ہوٹل میں ہی تھیں جبکہ باقی میچ میں مصروف تھیں ۔ ہوٹل میں موجود تمام کھلاڑیوں کو فوری طور پر سٹیڈیم منتقل کیا گیا ۔
ہوٹل میں لگنے والی آگ سے کچھ کھلاڑیوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ سب سے زیادہ نقصان انعم امین کا ہوا جن کا موبائل ، لیپ ٹاپ ، کپڑے، والٹ ، نقدی اور دیگر ضروری سامان مکمل طور پر جل گیا ۔
ان کے علاہ فریحہ محمود کا قیمتی سامان بھی آتشزدگی میں آکر ضائع ہو گیا جس میں لیپ ٹاپ ، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔ مینجمنٹ نے کراچی سے تعلق رکھنے والی تمام کھلاڑیوں کو گھر بھیج دیاہے جبکہ دیگر شہروں سے آئی ہوئی کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رکنے کا کہا گیا ہے ۔سفری سہولیات ملنے کے بعد ہی کھلاڑیوں کو گھر بھیجا جائے گا ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس وقت کراچی کے کسی بھی ہوٹل میں کمرہ ملنا مشکل ہو گیاہے کیونکہ شہر کے تمام ہوٹل مکمل طور پر بک ہیں ۔