الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے فلسطینی اور لبنانی متاثرین جنگ کیلئے امدادی سامان کی 19ویں کھیپ دمشق کے لئے روانہ کردی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ، نائب صدور ائیر مارشل ( ر ) ارشد ملک ، اعجازاللہ خان سمیت حکومتی حکام نے غزہ اور لبنان کے متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کیا جس میں سلیپنگ بیگز،جنریٹرز، چاول ، کین فوڈ ، خشک دودھ شامل ہے۔
پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی طیاروں اور بحری جہازوں کے ذریعے امدادی سامان بھجوا چکے ہیں، غزہ کی چھوٹی سی پٹی میں 405 دنوں سے بارود کی بارش ہورہی ہے نہتے عوام پر 70 ٹن بارود برسایا جاچکا ہے، کھلے آسمان کے نیچے موجود معصوم بچوں ، بزرگوں اور مرد و خواتین سمیت 13 لاکھ فلسطینی غزہ میں انتہائی کٹھن صورتحال سے گزر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستانی عوام اور اہل خیر کے تعاون سے غزہ اور لبنان کے عوام کیلئے ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سردی کی شدت بڑھ رہی ہے ایسی صورتحال میں متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، ہم اہل خیر کے تعاون سے مصیبت میں گھرے افراد کوہرممکن امداد فراہم کریں گے۔