پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے عاقب جاوید کو عبوری طور پر پاکستان وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد تک عبوری کوچ ہوں گے اور مستقل ہیڈ کوچ کی سلیکشن کا عمل چیمپئنز ٹرافی کے بعد ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے بعد عاقب جاوید کو سلیکشن کمیٹی میں اضافی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔
عاقب جاوید پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سینئر ممبر بھی ہیں۔
وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے گزشتہ ماہ استعفیٰ دیا تھا۔
چیئرمین پی سی بی کی گفتگو
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی نے پیر کو قذافی سٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے تمام ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں، ایونٹ کے دوران جلد بازی نہیں کرنا چاہ رہے، عاقب جاوید کو کہا ہے چیمپئنز ٹرافی تک اپنی ذمہ داریاں انجام دے دیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ 10 پندرہ دن میں ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کو اپنی ساکھ کے بارے میں خود سوچنا ہوگا، اب بھی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پر امید ہوں، امید ہے چیزیں اچھے طریقے سےچلیں گی، یقین رکھتا ہوں سیاست اور کھیل الگ الگ چیزیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف آئی سی سی رجوع کر رہے ہیں، انشاء اللہ چیمپئنزٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا اور اسٹیڈیم کی تعمیر وقت پر مکمل ہو جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی تک ہیڈ کوچ ہوں گے۔