استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے رکن قومی اسمبلی عون چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے دی گئی احتجاج کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پردے کے پیچھے بیٹھے لوگ خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے عوام پر حکم فرماتے ہیں۔
اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی پی پی رہنما عون چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے ، سیاسی استحکام آ رہا ہے، حکومت عوام کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے اور قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے۔
آئی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی اور معاشی استحکام آنے لگے تو ملک دشمن عناصر جلاؤ گھیراؤ کی فضا پیدا کرتے ہیں، کون سے ملک دشمن لوگ ہیں جو عوام کو گمراہ کرتے ہیں، پاکستانیوں کو ایسی تصویر دکھاتے ہیں کہ یہاں کچھ غلط ہو رہا ہے، پاکستانی عوام کو بتانا فرض ہے کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے اور حکومت دن رات پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام کی کوشش کررہی ہے۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ بار بار کچھ عرصے بعد اسلام آباد پر یلغار کا اعلان کر دیا جاتا ہے، کیا ریاست مدینہ میں ہماری اخلاقیات پر کوئی بات نہیں ہوسکتی؟، ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے اخلاقیات ، بدتہذیبی اور بدتمیزی کے کلچر کو فروغ نہیں دیا؟، نفرت کی ایسی فضا پیدا کی جارہی ہے جو قوم کیلئے خطرناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر ہمارے آقا نبی کریم ﷺ ہیں، نبی ﷺ نے فرمایا بہترین انسان وہ ہے جس کا اخلاق سب سے اچھا ہے، کیا ہم اخلاقیات کے فرائض پورے کر رہے ہیں ؟۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو دیکھتے ہیں نہ سوچتے ہیں میڈیا پر اس کی بے عزتی کرتے ہیں، عوام کے سامنے جھوٹے حقائق پیش کیے جاتے ہیں، ہمیں اپنی ذات سے باہر نکلنا ہے، ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کا سوچنا ہے اور ہمیں آزاد ریاست کی اہمیت کو جاننا ہوگا، آزاد ریاست اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔
آئی پی پی رہنما نے کہا کہ ایک جماعت اسلام آباد پر حملے کا اعلان کرتی ہے، ایک جماعت اعلان کرتی ہے حملہ کر کے حقیقی آزادی لیں گے، کیا آپ کی حقیقی آزادی ایک شخص پر میسر ہے؟، کیا بچوں کو سڑکوں پر لانے سے حقیقی آزادی ملے گی؟، خیبرپختونخوا کے عوام بڑے خودار اور غیور ہیں، ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں، پردے کے پیچھے بیٹھے لوگ کے پی کے عوام پر حکم فرماتے ہیں۔
عون چوہدری نے کہا کہ کہا جا رہا ہے جو ایم این اے یا ایم پی اے لوگ لا کر حملہ آور نہیں ہوگا وہ جماعت میں نہیں ہوگا، آپ اپنے ہی ملک میں انار کی پھیلانے کیلئے ایک دوسرے پر حکم چلا رہے ہیں، آپ سب سے پہلے اپنے بچوں کو آگے لے کر آئیں، اس کے بعد خیبرپختونخوا کے بچوں کوآگے لائیں، خیبرپختونخوا کے بچوں کو استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کیخلاف ڈیجیٹل دہشتگردی کی جارہی ہے، بیرون ملک بیٹھ کر افواج پاکستان کیخلاف مہم چلائی جاتی ہے، بیرون ملک سے کشمیر اور فلسطین کیلئے مہم کیوں نہیں چلاتے؟۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ سمجھ نہیں آتی کہ یہ کن ہاتھوں میں استعمال ہورہے ہیں، کیا9مئی کا واقعہ کوئی محب وطن کرسکتا ہے؟، کیا آپ 9 مئی کا واقعہ دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں؟، اپنے عوام کو اداروں کے سامنے لا کر لڑانا چاہتے ہیں؟، پاکستان کےعوام اب مزید بیوقوف نہیں بنیں گے، پاکستان کےعوام جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو مجھ سے بہتر کوئی نہیں جانتا، ہم نے بھی تبدیلی کیلئے بڑے جذبے سے کام کیا تھا، تبدیلی کا نعرہ عثمان بزدار ، فرح گوگی ، جمیل گجر پر ختم ہوا، عثمان بزدار پر آکر میرٹ کا بریک لگا دیا گیا، ہماری جدوجہد عثمان بزدار اور فرح گوگی کیلئے نہیں تھی، پنجاب میں رشوت اور کرپشن کا بازار گرم تھا، تاریخی میں ایسی کرپشن نہیں ہوئی جو بزدار دورمیں ہوئی، ساڑھے 3 سال میں اپنا کوئی ایک اہم منصوبہ بتا دیں۔