نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے پاکستان ریلوے کا ایک اور نیا بحالی پلان تیار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف نے ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں ریلوے کی کارکردگی ، اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے بریفنگ دی گئی جبکہ ریلوے پولیس کانسٹیبل کی پوسٹ کو گریڈ 7 میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے اس موقع پر ریلوے نیٹ ورک کی شمسی توانائی پر منتقلی کی پیشرفت رپورٹ وزارت میں جمع کروانے کی ہدایت کی جبکہ ناقابل استعمال کوچز اور لوکو موٹوز کو ڈسپوز آف کرنے کا پلان پیش کرنے اور انتظامیہ کو ٹریک میٹریل چوری کی روک تھام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
نگران وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے آمدن بڑھانے کے لئے بزنس پلان پیش کیا جائے اور ورکشاپ کی آؤٹ پٹ اور آمدن میں اضافے کے لئے بزنس ماڈل پیش کیا جائے۔
شاہد اشرف کا کہنا تھا کہ تنخواہ اور پینشن کی بروقت ادائیگی کی ذاتی نگرانی کروں گا، وسائل کا موثر اور شفاف استعمال کیا جائے، فریٹ آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات اور سگنل سسٹم کی بہتری پر توجہ مرکوز کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی عظمت رفتہ کی بحالی کا عزم ہے، عوامی مفاد میں منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی جائے اور رابطہ ایپلی کیشن کے انٹرفیس کو صارف دوست بنایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محفوظ سفر پہلی ترجیح ہے، حادثے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔
نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ کا پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز اور مغلپورہ ورکشاپ کا دورہ pic.twitter.com/zRLmPYG5Wm
— Pakistan Railways (@PakrailPK) September 10, 2023
علاوہ ازیں وزیر ریلوے نے مغلپورہ ورکشاپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ورکنگ اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔