قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن ترمیمی بل منظور کر لیا جبکہ کوٹہ سسٹم میں توسیع اور نیب ترمیمی بل پر بحث مؤخر کر دی گئی۔
منگل کو ہونے والے محمود بشیر ورک کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں عالیہ کامران نے گزشتہ اجلاس کے منٹس پر اعتراضات اٹھا دیئے اور کہا 27 ستمبر کے اجلاس میں کوٹہ سسٹم کا بل پاس ہوگیا تھا، ابھی تک اسمبلی کی ویب سائٹ پر پریس ریلیز موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مصطفٰی کمال پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ وہ کوٹہ کے خلاف ہیں، دو دن کے بعد پریس کانفرنس ہونے پرسب کو خیال آجا جاتا ہے کوٹہ سسٹم کو ختم کریں، یہ ساری باتیں رولز اینڈ ریگولیشن کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منظور شدہ بل کو اسپیکر کی اجازت کے بغیر دوبارہ نہیں کھولا جا سکتا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی تجویز پر چیئرمین کمیٹی نے بل کا معاملہ مؤخر کردیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے نیب ترمیمی بل کمیٹی میں پیش کیا جس پر علی محمد خان نے کہا کہ ایسا نہ کریں، گزشتہ اجلاس کے بعد آپ مزید احتیاط برتیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے نیب ترمیم پر بات چیت جاری ہے، مناسب ہوگا کہ بل کو فی الحال مؤخر کر دیا جائے۔
کمیٹی نے وزیر قانون کی درخواست پر نیب ترمیمی بل پر بحث بھی مؤخر کر دی، البتہ نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔